اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط میں درخواست کی ہے کہ صوبے کیلئے گندم کی بین الصوبائی ترسیل پر عائد پابندیاں غیر آئینی ہیں انکو فوری ختم کرائیں۔ انہوں نے مو قف اپنایا کہ یہ پابندیاں خیبرپختونخوا کی غذائی سلامتی متاثر کر رہی ہیں اور وفاقی تعاون کے آئینی اصولوں کے منافی ہیں۔ ادھر گورنر فیصل کریم کنڈی نے وزیر دفاع خواجہ آصف سے مطالبہ کیا کہ پشاور سے کراچی اور خلیجی ممالک کیلئے پی آئی اے کی روزانہ پروازیں فوری بحال کی جائیں، کیونکہ محدود پروازوں کے باعث عوام اور تاجروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور صوبے کی تجارتی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ گورنر نے یقین ظاہر کیا کہ وفاقی حکومت اس دیرینہ مسئلے کے حل کیلئے فوری اقدامات اٹھائے گی۔