پولیس حراست ڈکیتی کا ملزم ہلاک

نواب پورہ تھانے کی پولیس نے ملزم عابدعلی کو 26اکتوبرکوحراست میں لیاتھا،طبعیت بگڑی ،جانبرنہ ہوسکا:پولیس 
لاہور (کرائم رپورٹر)نواب ٹائون پولیس کی حراست میں ڈکیتی کا ملزم مبینہ تشدد کے نتیجے میں جاں بحق ہو گیا، پولیس نے لاش پورسٹمارٹم کے لئے منتقل کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا۔بتایاگیاہے کہ نواب ٹائون پولیس کے زیرحراست ملزم عابد علی مبینہ تشدد کے نتیجے میں دم توڑ گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈکیتی کے الزام میں ملزم عابد علی کو چھبیس اکتوبر کو گرفتار کیا گیا تھا گزشتہ روز اچانک اس کی طبیعت خراب ہو گئی اسے فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال لے جایا گیا جہاں دوران علاج جانبر نہ ہو سکا۔ ملزم کے خلاف ڈکیتی، اقدام قتل، منشیات سمیت بارہ مقدمات درج ہیں۔ دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاکت کی وجوہات جاننے کے لئے انکوائری ہوگی، پورسٹمارٹم رپورٹ میں اصل حقائق سامنے آ جائیں گے۔