محسن نقوی کا نادرا میگا سنٹر شملہ پہاڑی کا دورہ، شہریوں کو ٹوکن کے انتظار سے نجات دلانے کی یقین دہانی

محسن نقوی کا نادرا میگا سنٹر شملہ پہاڑی کا دورہ، شہریوں کو ٹوکن کے انتظار سے نجات دلانے کی یقین دہانی

وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے نادرا میگا سنٹر شملہ پہاڑی لاہور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہریوں سے بغیر کسی پروٹوکول کے ملاقاتیں کیں، ان کے مسائل سنے اور متعلقہ حکام کو موقع پر ہی شکایات کے ازالے کے احکامات جاری کیے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے نادرا میگا سنٹر میں شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات بنوانے کے لیے آنے والے شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر وہ مختلف کاؤنٹرز پر گئے اور شہریوں سے عملے کے رویے، خدمات کی فراہمی اور درپیش مشکلات کے بارے میں استفسار کیا۔دورے کے دوران بعض شہریوں نے شکایت کی کہ نادرا سنٹر کے باہر ٹوکن حاصل کرنے کے لیے طویل انتظار کرنا پڑتا ہے، تاہم سنٹر کے اندر داخل ہونے کے بعد کام نسبتاً جلد مکمل ہو جاتا ہے۔شہریوں نے بتایا کہ سنٹر کے اندر انہیں تقریباً 10 منٹ میں اپنی باری مل گئی اور انہیں زیادہ انتظار یا کسی خاص مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ بعض شہریوں نے عملے کے تعاون اور رہنمائی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا کام چند منٹ میں مکمل ہو گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہریوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کی ہدایت کی اور ٹوکن کے حصول کے دوران انتظار کے مسئلے کو حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سید محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پوری کوشش ہوگی کہ شہریوں کو ٹوکن کے مرحلے پر بھی تیز رفتار خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ شہریوں کو بروقت اور بلا تاخیر سہولتیں فراہم کرنے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کا اعتماد اور مثبت فیڈ بیک ہی کسی بھی ادارے کی کامیابی کا اصل پیمانہ ہے۔ نادرا کے چیئرمین اور ان کی پوری ٹیم کی کارکردگی قابلِ تحسین ہے۔