پنجاب کے سکولو ں میں بچے سے جھاڑو لگوانے‘فرش دھونے‘ کچرا اٹھوانے پر پابندی عائد

طلبہ سے صفائی پر اساتذہ اور سکول ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی ہوگی، پابندی کا نوٹیفکیشن سکولوں کے نوٹس بورڈز پر آویزاں کیا جائے: محکمہ ایجوکیشن
لاہور(آئی این پی )محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے طلبہ کو جھاڑو لگانے، فرش دھونے اور کچرا اٹھانے سے روکنے کی ہدایت کردی۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن نے بچوں سے صفائی کروانے کو تعلیمی اداروں کے بنیادی مقصد کے خلاف قرار دے دیا،سکولوں میں صفائی کے لئے  مختص عملہ یا متبادل انتظامات یقینی بنانے کا حکم دے دیا گیا۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے اسکول سربراہان کو صفائی کے انتظامات کا ذمہ دار قرار دے دیا،طلبہ سے صفائی کروانے والے اساتذہ اور اسکول ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی ہوگی۔ صفائی سے متعلق پابندی کا نوٹیفکیشن تمام اسکولوں کے نوٹس بورڈز پر آویزاں کرنے کا حکم دے دیا گیا۔