کسی بھی گفتگو میں تین بنیادی اصول پاکستان کی خودمختاری ، وقار اور سالمیت شامل ہیں ،ان پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا
دورہ بھارت میں رواداری کی فضا قائم رہی، اچھی مہمان نوازی کی گئی، آن کیمرہ ترشی، آف کیمرہ منطق، گفتگو کے تضاد نے دورہ یادگار بنادیا
اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے میرے دورہ بھارت کے دوران رواداری کی فضا قائم رہی اور ان کی اچھی مہمان نوازی کی گئی،انہوں نے اس دورے کے نمایاں لمحات کا ذکر کرتے ہوئے کیمرے پر ہونے والی تند و تیز گفتگو اور آف کیمرہ منطق پر مبنی بات چیت کے درمیان پائے جانے والے تضاد کو سب سے یادگار قرار دیا۔غیرملکی میڈیا کو دئیے گئے انٹرویو میں ڈاکٹر مصدق ملک نے بتایا کہ کیمرے کے سامنے بڑی تند و ترش باتیں کی جاتی رہیں مگر انہیں وہاں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ کیمرے کے پیچھے منطق کی بنیاد پر بات کرنے والے لوگ بھی موجود ہیں۔ڈاکٹر مصدق ملک نے انڈیا کو ایک اچھا میزبان قرار دیتے ہوئے بتایا کہ وہ وہاں سے تحفے میں ملنے والی کتابیں بھی اپنے ہمراہ پاکستان لائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انڈیا میں ان کی بہترین میزبانی کی گئی اور وہ اپنے ہمراہ تاریخی مقامات کی سیر اور وہاں کے لوگوں کی جانب سے تحفے میں دی گئی شاعری، ادب اور تاریخ کی کتابوں کی اچھی یادیں لے کر لوٹے ہیں۔ مصدق ملک نے وضاحت کی کہ یہ پہلے سے طے شدہ منصوبہ نہیں تھا کہ وہ اردو ہی بولیں گے، بلکہ وہاں جا کر انہوں نے سوچا کہ اردو میں ہی بات کرنی چاہیے۔میرے ذہن میں یہ خیال آیا کہ دل کی آواز تو دل کی زبان میں ہی بیان کی جا سکتی ہے، اس لئے میں نے اردو کا انتخاب کیا۔ مصدق ملک نے کہا میرے خیال میں تعلقات کی بہتری کیلئے زیادہ کردار انڈیا کو ادا کرنا پڑے گا۔انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ کسی بھی گفتگو میں تین بنیادی اصولوں کو ہمیشہ مدنظر رکھا جائے گا، جن میں پاکستان کی خودمختاری ، وقار اور سالمیت شامل ہیں اور ان پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا۔