لاہور میں دفعہ 144 کے نفاذ میں 3 روز کی توسیع، اجتماع پر پابندی برقرار

لاہور (سپیشل رپورٹر )ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر)محمد علی اعجاز نے ضلع لاہور میں دفعہ 144 کے نفاذ میں مزید تین روز کی توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا  ، پابندی 26 نومبر سے 29 نومبر تک برقرار رہے گی۔نوٹیفکیشن کے مطابق عوامی امن و امان اور حساس سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ضلع لاہور میں پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماع، جلوس نکالنے اور غیر قانونی اجتماعات کے لیے لوگوں کو اکسانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔تاہم شادی بیاہ کی تقریبات، نمازِ جنازہ، تدفین اور عبادت گاہوں میں نماز کی ادائیگی کو پابندی سے مستثنی قرار دیا گیا ہے۔ اسی طرح سرکاری و نیم سرکاری امور کی انجام دہی اور عدالتی کارروائی بھی پابندی سے مستثنی ہوگی۔