عوام کے جان و مال کا تحفظ، ہماری اولین ترجیح ہے، ڈی پی او عثمان ٹیپو
ساہیوال (خصوصی رپورٹ)ساہیوال پولیس کی جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے بڑی کامیابی،80 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے 200 سے زائد موبائل فون برآمدکرلئے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساہیوال محمد عثمان ٹیپو کی ہدایات پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت اقدامات اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔رواں ماہ ساہیوال پولیس نے ای گیجٹ ایپ اور جدید ڈیجیٹل ٹریسنگ ذرائع کے ذریعے 80لاکھ روپے سے زائد مالیت کے 200سے زائد چوری شدہ اور گمشدہ موبائل فون برآمد کئے۔ ڈی پی او محمد عثمان ٹیپو نے ڈی پی او آفس ساہیوال میں برآمد شدہ موبائل فونز اصل مالکان کے حوالے کیے۔ موبائل وصول کرنے والے شہریوں نے ساہیوال پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے بروقت استعمال سے پولیس پر عوامی اعتماد مزید مضبوط ہوا ہے۔اس موقع پر ڈی پی او ساہیوال محمد عثمان ٹیپو نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور شہریوں کی املاک کی بازیابی ہماری اولین ترجیح ہے، ساہیوال پولیس جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ایسے اقدامات موثر انداز میں جاری رکھے ہوئے ہے۔ڈی پی او ساہیوال نے انچارج آئی ٹی برانچ محمد عامر، انویسٹی گیشن ٹیموں اور متعلقہ افسرں کی کارکردگی کو سراہا اور ان کے لیے نقد انعامات اور تعریفی سرٹیفکیٹس کا اعلان کیا۔