واشنگٹن (آئی این پی )گوگل کی جانب سے اینڈرائیڈ کو کروم او ایس سے ملا کر ایک نیا اور بہتر ڈیسک ٹاپ آپریٹنگ سسٹم تیار کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔اینڈرائیڈ اتھارٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق گوگل کی جانب سے لنکڈن پر سنیئر پراڈکٹ منیجر اینڈرائیڈ، لیپ ٹاپ اینڈ ٹیبلیٹس کی ملازمت کا اشتہار دیا گیا جسے بعد میں ڈیلیٹ کر دیا گیا۔اشتہار میں درج تھا کہ یہ عہدہ اینڈرائیڈ پر مبنی نئے ایلومینیم آپریٹنگ سسٹم پر کام کرنے کے لئے ہے۔اب یہ نئے ڈیسک ٹاپ آپریٹنگ سسٹم کا نام ہے یا کوڈ نام، یہ تو واضح نہیں، مگر یہ عندیہ ضرور ملتا ہے کہ اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کو ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز کا حصہ بنانے پر کام کیا جا رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق ایلومینیم آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) پر مبنی آپریٹنگ سسٹم ہوگا اور گوگل کی جانب سے اسے متعدد ڈیوائسز جیسے لیپ ٹاپس، ٹیبلیٹس اور ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز وغیرہ میں استعمال کیا جائے گا