پنجاب میں پٹرول سے چلنے والی موٹرسائیکل اور رکشا بنانے پر پابندی لگانے کا فیصلہ

سرکاری اداروں کیلئے صرف الیکٹرک وہائبرڈ گاڑیاں اور موٹرسائیکل ہی خریدی جائیں گی،گھروں کی سطح پرپانی سے گاڑیاں دھونے پرمکمل پابندی ہوگی
پلاسٹک اورزہریلا دھواں پیدا کرنیوالی اشیا ء جلانے پرسخت سزادی جائیگی، شہریوں کی صحت اور ماحول کونقصان پہنچانے پرکوئی رعایت نہ برتی جائے:مریم نواز کی  ہدایت
 خصوصی بچے ہمارے ہیروزہیں، اللہ تعالی نے انہیں بہترین صلاحیتوں سے نوازا ہوتا ہے، ریاست کو اپنے شہریوں کی ہر ضرورت کی فکر ہے:  طلبہ کیلئے کھانے کی فراہمی کے پروگرام کی  تقریب سے خطاب
لاہور (سپیشل رپورٹر )پنجاب میں پٹرول موٹر سائیکل رکشے کی پروڈکشن پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت انسداد اسموگ کے لئے کابینہ کمیٹی کے خصوصی اجلاس ہوا، سینیئروزیرپنجاب مریم اورنگزیب کی اسموگ کے تدارک اورفضائی معیارکی بہتری کیلئے اقدامات پربریفنگ دی گئی۔اجلاس میں پنجاب میں پٹرول موٹرسائیکل رکشے کی پروڈکشن پرپابندی لگانے کا فیصلہ کیاگیا،جبکہ سرکاری اداروں کے لئے صرف الیکٹرک و ہائبرڈ گاڑیاں اور موٹر سائیکل خریدنے کا  فیصلہ بھی کیاگیا ہے،گھروں کی سطح پرپانی سے گاڑیاں دھونے پرمکمل پابندی عائدہوگی،جدید دنیا کی طرح پورے پنجاب میں رنگ دار کوڑے دان لگانے کا بھی فیصلہ کیاگیا،پلاسٹک اورزہریلا دھواں پیدا کرنیوالی اشیا جلانے پرسخت سزادی جائیگی، شہریوں کی صحت اور ماحول کونقصان پہنچانے پرکوئی رعایت نہ برتی جائے‘دریں اثناء ب مریم نواز شریف نے خصوصی طلبہ کیلئے کھانے کی فراہمی کے پروگرام کا افتتاح کر دیا۔لاہور میں خصوصی طلبہ کیلئے کھانے کی فراہمی کے پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ خصوصی بچے ہمارے ہیروزہیں، اللہ تعالی نے خصوصی بچوں کو بہترین صلاحیتوں سے نوازا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی پوری ٹیم کو شاباش دیتی ہوں، وعدہ کیا تھا ہر ڈسٹرکٹ میں خصوصی بچوں کیلئے سینٹر آف ایکسی لینس بنائیں گے، ثانیہ عاشق نے قلیل مدت میں میرے خواب کو سچ کر دکھایا، خوش ہوں، اللہ نے میرا کیا ہوا وعدہ بہت قلیل عرصے میں پورا کیا۔ان کا کہنا تھا کہ 28 ڈسٹرکٹس میں خصوصی بچوں کیلئے سینٹر آف ایکسی لینس مکمل کر لیا گیا ہے، ہمارے پاس خصوصی بچوں کیلئے پورے پنجاب میں 303 ادارے ہیں، ہم تمام 303 اداروں کی تعمیر نو کرنے جا رہے ہیں۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ خصوصی بچوں کی مائیں شکریہ نہ بولیں، یہ بطور وزیراعلی میرا فرض ہے، خصوصی بچے کی وجہ سے گھر میں رحمت اور برکت ہوتی ہے، جن والدین کے خصوصی بچے ہیں سب کی ہمت کو داد دیتی ہوں۔مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ریاست کو اپنے شہریوں کی ہر ضرورت کی فکر ہے