ملزم کاشف سکول کے قریب پرندوںکاشکار کررہاتھا،گولی لگنے سے عدیل اورعلی رضا زخمی ہوگئے
لاہور(کرائم رپورٹر)چوہنگ کے علاقے میں ملزم نے فائرنگ کرکے گورنمنٹ پرائمری سکول کے 2 طالب علموںکو زخمی کر دیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ۔بتایا گیا ہے کہ چوہنگ کے علاقے میں ملزم کاشف نے فائرنگ کرکے گورنمنٹ پرائمری سکول دینا ناتھ کے2 طالب علم 14سالہ عدیل اور 12سالہ علی رضاکو زخمی کر دیااورموقع سے فرار ہوگیا۔دونوں زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال میں منتقل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق بچوں کوچہرے اور سینے پرزخم آئے ہیں،ملزم کاشف نے شکار کیلئے فائرنگ کی،ملزم کاشف سکول کے قریب پرندوں کا شکار کر رہا تھا،چوہنگ پولیس نے زخمی بچے کے والد کے بیان پر اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ دج کرلیا۔ملزم کو گرفتار کرنے کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے طلبہ پر فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ سے رپورٹ طلب کرلی جبکہ وزیراعلیٰ نے زخمی طلبہ کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت دی۔