نئی فضائی کمپنی کراچی کی تاجر برادری کی جانب سے بہت جلد متعارف کرائی جائے گی‘ وفاقی حکومت کو درخواست ارسال
کراچی (یواین پی) ملک میں نئی ائیرلائن شروع کرنے کی تیاریاں جاری ہیں جس کی رجسٹریشن بھی ہوگئی اور جلد ہی لائسنس ملنے کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبہ سندھ کے داارلحکومت کراچی کی تاجر برادری کی جانب سے ''ائیر کراچی'' کے نام سے نئی فضائی کمپنی بہت جلد متعارف کرائی جا رہی ہے، نئی ائیر لائن کے اس نام کو ایس ای سی پی نے رجسٹرڈ بھی کرلیا ہے۔اس سلسلے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کے سابق سینئر نائب صدرحنیف گوہر نے کہا کہ ایئر کراچی کے لائسنس کے لیے وفاقی حکومت کو درخواست ارسال کردی گئی ہے، ائیر کراچی کے لیے پہلے مرحلے میں 3 طیارے لیز پر حاصل کرنے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ائیر کراچی میں سی ای او کا منصب سدرن کمانڈر ائیر وائس مارشل عمران کے پاس ہوگا، معروف بزنس مین عقیل کریم ڈھیڈی، عارف حبیب، ایس ایم تنویر ایئر کراچی کے شیئر ہولڈرز ہیں، بشیر جان محمد، خالد تواب، زبیر طفیل، حمزہ تابانی بھی ائیر کراچی کے شیئر ہولڈرز میں شامل ہیں، نئی فضائی کمپنی کا لائسنس چند دنوں میں حاصل ہونے کے قوی امکانات ہیں۔