شجاع آباد: موٹر سائیکل کی ڈیمانڈ نہ ماننے پر سسرالیوں کی جانب سے دو بہنوں پر بہیمانہ تشدد

شجاع آباد: موٹر سائیکل کی ڈیمانڈ نہ ماننے پر سسرالیوں کی جانب سے دو بہنوں پر بہیمانہ تشدد

شجاع آباد کے علاقے چھچوشاہ میں سسرالیوں کی جانب سے دو بہنوں پر بہیمانہ تشدد کا واقعہ پیش آیا، جس کی وجہ 125 موٹر سائیکل کی ڈیمانڈ پوری نہ ہونا بتائی گئی ہے۔

متاثرہ خاتون شہناز کے مطابق شادی کے بعد سے سسرال نے مسلسل مزید جہیز کا مطالبہ کیا، اور بچے کی پیدائش کے بعد 125 موٹر سائیکل کا مطالبہ شروع کیا گیا۔ مطالبہ پورا نہ ہونے پر دونوں بہنوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔شہناز نے بتایا کہ والد کے انتقال کے بعد ظلم میں اضافہ ہوا، جبکہ شادی کے وقت والدین نے پہلے ہی خاطر خواہ جہیز دیا تھا۔ حالیہ تشدد میں ان کی بہن انعم شدید زخمی ہوئی، جس کے ناک، سر اور چہرے پر واضح نشانات موجود ہیں۔

انعم کو تشویشناک حالت میں سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔متاثرہ خواتین نے ساس، شوہر اور دیوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا اور وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔