ہری پور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے کے مسائل کے حل کے لیے پنجاب یا سندھ سے کوئی مسیحا نہیں آئے گا، ہمیں خود ہی اپنی تقدیر سنوارنی ہوگی۔
وہ ہری پور میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے جہاں انہوں نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا کو درپیش چیلنجز کا حل مقامی قیادت اور اداروں کی مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہم عوام کو سہولیات دینے کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھا رہے ہیں۔ گورنر نے صوبے میں امن و امان کے قیام کو صوبائی حکومت کی ذمہ داری قرار دیا اور کہا کہ امن کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔انہوں نے خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ کے پی پولیس کی تنخواہیں دیگر صوبوں کی پولیس کے مقابلے میں کم ہیں، جس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔گورنر کا کہنا تھا کہ وہ صوبے کے عوام کی فلاح کے لیے سنجیدہ اقدامات کے حق میں ہیں اور اس حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا۔