وردی میں چھپے لٹیرے پکڑے گئے

3پولیس اہلکار پرائیویٹ شہری سے مل کر وارداتیں کرتے تھے ، موٹرسائیکل سوار سے لوٹ مار کی 
 لاہور (کرائم رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب کے محفوظ پنجاب ویڑن پر عملدرآمد کرتے ہوئے ڈی پی او لیہ محمد علی وسیم نے عملی اقدامات تیز کر دیے ہیں۔پولیس وردی میں ملبوس نامعلوم افراد کی جانب سے ایک شہری کو ہراساں کر کے رقم چھیننے کا واقعہ پیش آیا، جس پر ڈی پی او لیہ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے دورانِ تحقیقات واقعے کا معمہ حل کرلیا۔تھانہ سٹی کی حدود میں واردات کرنے والے تمام ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ڈی پی او کے مطابق واردات میں ملوث تین پولیس ملازمین ایک پرائیویٹ شہری کے ساتھ مل کر وارداتیں کرتے تھے۔ملزمان نے رات گئے ایک موٹر سائیکل سوار شہری کو روک کر ہراساں کیا اور نقدی چھین لیڈی پی او لیہ محمد علی وسیم کا کہنا ہے کہ بدعنوانی روکنے کے لیے لیہ پولیس میں کڑے احتساب کا عمل جاری ہے۔گرفتار ملزمان کو شناخت پریڈ کے لیے ڈسٹرکٹ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ڈی پی او کا کہنا ہے کہ مجرمانہ ذہنیت رکھنے والے پولیس اہلکار کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ پولیس شہریوں کی محافظ ہے، اختیارات سے تجاوز ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔