بدانتظامی پر8پولیس اہلکار برطرف

نظم و ضبط پر کوئی سمجھوتہ نہیں، بدتمیزی، غفلت اور کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی:ڈی آئی جی آپریشنز 
لاہور (کرائم رپورٹر) پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں محکمانہ اپیلوں کی سماعت ہوئی، جس میں 11 اہلکاروں کو جاری شوکاز نوٹسز پر فیصلے سنائے گئے۔ بدانتظامی ثابت ہونے پر آٹھ اہلکاروں کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا جبکہ تین کو حتمی وارننگ جاری کی گئی۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے کہا کہ لاہور پولیس میں نظم و ضبط پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جزا و سزا کا نظام مؤثر انداز میں فعال ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اہلکاروں کی کارکردگی اور رویے کا شفاف احتساب جاری ہے، اور فرائض میں کوتاہی، کرپشن یا غیر ذمہ دارانہ رویے کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔ ہر اہلکار کو شنوائی کا حق حاصل ہے، مگر بے ضابطگی پر کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔ عوامی خدمت میں غیر سنجیدگی کی کوئی گنجائش نہیں، فورس میں بہتری کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔