ڈولفن ٹیم نے مشکوک شخص کے ساتھ موجود لڑکی کو شملہ پہاڑی سے حراست میں لیا
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈولفن سکواڈ نے کمیونٹی پولیسنگ میں ایک اور مؤثر قدم بڑھاتے ہوئے کراچی سے لاہور آنے والی نابالغ لڑکی کو بازیاب کرا لیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق شاہراہ نور جہاں کراچی سے لاہور آنے والی 15 سالہ طیبہ کو ایک مشکوک شخص ہمراہ لے جانے کی کوشش کر رہا تھا کہ ڈولفن ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شملہ پہاڑی کے قریب لڑکی کو حفاظتی تحویل میں لے لیا۔ لڑکی نے بتایا کہ وہ 20 سالہ عمر نامی لڑکے سے موبائل فون پر دوستی کے بعد لاہور نکاح کے لیے آئی تھی۔ لڑکی کے اغوا کا مقدمہ تھانہ شاہراہ نور جہاں، ضلع صندل، کراچی میں درج ہے۔ ڈولفن ٹیم نے فوری طور پر طیبہ کے والدین سے رابطہ کیا اور کراچی پولیس کے لاہور پہنچنے تک لڑکی کو تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں حفاظتی تحویل میں رکھا گیا۔ گرفتار شخص عمر کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے تھانہ قلعہ گجر سنگھ کے حوالے کر دیا گیا۔