پتنگ بازی پر 2234ملزم گرفتار، لاکھوں پتنگیں بر آمد

خونی کھیل برداشت نہیں، زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدر آمدکیا جائے :ڈاکٹر عثمان انور
لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب پولیس دھاتی ڈور اور غیر قانونی پتنگ بازی کے خلاف لاہور سمیت صوبہ بھر میں اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بھرپور اور مو?ثر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال اب تک لاہور سمیت صوبہ بھر میں انسدادِ پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 2234 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ 2210 مقدمات درج کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران 1 لاکھ 52 ہزار 808 پتنگیں اور 3148 ڈور چرخیاں بر آمد کی گئیں۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں کریک ڈاو?ن کے دوران 1020 ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمات درج کیے گئے جبکہ 35 ہزار 547 پتنگیں اور 860 ڈور چرخیاں بر آمد کی گئیں۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واضح کیا ہے کہ صوبہ بھر میں کسی بھی مقام پر پتنگ بازی ہرگز قابلِ برداشت نہیں، خلاف ورزی کی صورت میں بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں بھی حکومتی شرائط اور قوانین کے مطابق صرف مخصوص دنوں میں ہی بسنت کی اجازت دی گئی ہے جبکہ دھاتی ڈور اور غیر قانونی پتنگ بازی مکمل طور پر ممنوع ہے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ دھاتی ڈور اور پتنگوں کے آن لائن کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو اس خونی کھیل سے دور رکھیں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی حوصلہ شکنی کریں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی مقام پر پتنگ بازی یا دھاتی ڈور کے استعمال کی صورت میں فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دے کر ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔ پنجاب پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کے لیے انسدادِ پتنگ بازی کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھے ہوئے ہے