اپوزیشن رہنماؤں کا مولانا فضل الرحمان سے ملاقات، سیاسی حکمت عملی پر مشاورت

اپوزیشن رہنماؤں کا مولانا فضل الرحمان سے ملاقات، سیاسی حکمت عملی پر مشاورت

اپوزیشن رہنماؤں کا ایک وفد جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے لیے اسلام آباد پہنچا۔

 ملاقات میں اپوزیشن کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ اس ملاقات میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، معروف وکیل سلمان اکرم راجہ، صاحبزادہ حامد رضا، شہرام خان ترکئی، اور اخونزادہ حسین شریک ہوئے۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں اپوزیشن کی سیاسی حکمت عملی پر تفصیل سے گفتگو کی گئی، خاص طور پر پارلیمان میں اپوزیشن کی کارکردگی اور اس کے باہر کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔ ملاقات کا مقصد اپوزیشن جماعتوں کے درمیان بہتر ہم آہنگی پیدا کرنا تھا تاکہ آئندہ سیاسی محاذ پر متحد ہو کر مقابلہ کیا جا سکے۔سلمان اکرم راجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ پاکستان کے آئین کے تحفظ کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا جائے۔

 انہوں نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی رابطے کیے جا رہے ہیں، اور اس سلسلے میں مولانا فضل الرحمان سے ملاقات اس بات کا غماز ہے کہ پی ٹی آئی کے حکم پر اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کی جا رہی ہے۔سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی حکمت عملی کے تحت وہ مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں تاکہ آئندہ کی سیاسی حکمت عملی طے کی جا سکے۔ اس کے علاوہ سندھ کی مختلف سیاسی جماعتوں اور بلوچ رہنماؤں سے بھی رابطے کیے جا رہے ہیں تاکہ تمام جماعتوں کو یکجا کیا جا سکے۔

ملاقات کے دوران دونوں جانب سے آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر اتفاق کیا گیا اور امید ظاہر کی گئی کہ یہ ملاقاتیں آئندہ کے سیاسی منظرنامے میں اہم کردار ادا کریں گی۔