پنجاب میں کینسر کی تشخیص اور علاج کے لئے جدید جینیاتی ٹیکنالوجی استعمال ہوگی مریم نواز

 چین کا گروپ بی جی آئی پنجاب میں کینسر ٹریٹمنٹ اور جینٹک ٹیسٹنگ کیلئے اشتراک کار کریگا، وزیر اعلیٰ  نے قابل عمل پلان طلب کر لیا
 مارٹن رائزر ر  کی وزیر اعلیٰ سے ملاقات‘ فلاحی پراجیکٹس کو سراہا ،پنجاب کے پراجیکٹس ورلڈ بینک کی کنٹری پارٹنر شپ کیساتھ مطابقت رکھتے ہیں:ورلڈ بینک نائب صدر 
 لاہور(سپیشل رپورٹر)چینی کمپنی بی جی آئی گروپ نے پنجاب میں چاول اور مکئی کی کاشت کیلئے پائلٹ پراجیکٹ، پیدوار بڑھانے کیلئے جی ایم او کاٹن لگانے کی پیشکش کی ہے اور پنجاب میں کینسر ٹریٹمنٹ اور جینٹک ٹیسٹنگ کیلئے اشتراک کاربھی کرے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے چین کے بی جی آئی گروپ کے چیئرمین وانگ جیان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں کینسر کے علاج اور جدید جینیاتی تحقیق کے لئے دورے چین میں ہونے والے ایم او یو پر پیشرفت سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی وفدنے بہاولپور کے صحرائی علاقے میں چاول اور مکئی کی کاشت کے لئے پائلٹ پراجیکٹ کی پیشکش کی ، وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے چینی گروپ کی پیشکش کا خیر مقدم کیا اور اس ضمن میں صوبائی وزیر زراعت فوکل پرسن مقرر کر دیا۔ چینی ادارے کے تعاون سے کپاس کی پیداوار میں 15فیصد تک اضافے کے لئے جی ایم او کاٹن کی کاشت پر اتفاق کیا گیا۔ چینی بی جی آئی گروپ کی طرف سے پنجاب میں کینسر ٹریٹمنٹ اور جینٹک ٹیسٹنگ کے حوالے سے بھرپور اشتراک کی پیشکش پر وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے سیکرٹری ہیلتھ سے چینی بی جی آئی گروپ کے ساتھ ملکر کا قابل عمل پلان طلب کر لیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ بی جی آئی اور پنجاب حکومت کا اشتراک کار شعبہ ہیلتھ میں گیم چینجر ثابت ہو گا۔پنجاب میں خطے کی جدید ترین جینیاتی ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کرنا چاہتے ہیں۔ پنجاب میں کینسر کی تشخیص اور علاج کے لئے جدید جینیاتی ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔ دریں اثناء  مریم نواز شریف سے ورلڈ بینک کے ریجنل نائب صدر مارٹن رائزر کی زیر قیادت اعلیٰ سطح وفد نے ملاقات کی۔ ورلڈ بینک کے ریجنل نائب صدر مارٹن رائزرنے پنجاب کو ماحولیات میں بہتری کے لئے موثر اقدامات پر’’ریجنل چیمپئن‘‘ قراردے دیا۔ ملاقات میں غربت کے خاتمے، آئی ٹی ، انفراسٹرکچر میں مزید بہتری، ماحولیاتی مسائل کے حل اور سماجی ترقی کے لئے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر پنجاب میں جاری ورلڈ بینک کے منصوبوں کی رفتار کو تیز کرنے اور نئے منصوبوں کے آغاز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ورلڈ بینک کے نائب صدر برائے جنوبی ایشیا نے وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کے عوامی فلاحی پراجیکٹس کو سراہا اور کہا کہ پنجاب کے پراجیکٹس ورلڈ بینک کی کنٹری پارٹنر شپ کے ساتھ مطابقت رکھتے ہیں۔وفد نے ماحولیاتی بہتری اور سینی ٹیشن سسٹم کو بہتر بنانے کے لئے بھرپور تعاون کی پیشکش کی۔ ورلڈ بینک کے وفد نے پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کو ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ میں ضم کرنے کے اقدام کو قابل قدر قرار دیا۔