دہشت گردی کے خلاف عوام کو اعتماد میں لینا ہوگا:علی امین

 فرقہ واریت میں علما ء کردار ادا کریں،  مسائل کے لئے قومی اتحاد کی اشد ضرورت ہے
ملک میں دہشت گردی، فرقہ واریت، لسانیات، صوبائیت اور لاقانونیت عروج پر ہے
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی میزبانی میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین کا مشاورتی اجلاس ہوا۔اجلاس سے خطاب میں علی امین گنڈاپور نے کہا  مشاورتی اجلاس کا مقصد ملک میں دہشت گردی، فرقہ واریت، لسانیات، صوبائیت کے خلاف اور ملک میں قانون کی حکمرانی کے لئے قومی سطح پر ایک جامع پالیسی کی تشکیل لیے بار کرنا ہے، یہ اجلاس بانی چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر منعقد کیا گیا ہے میں شرکا کا شکرگزار ہوں اجلاس میں مخلتف جماعتوں اور مکاتب کے زعماء￿  کی اتنی بڑی تعداد میں شرکت اس بات کا واضح ثبوت ہے  ہمیں قومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے۔ ماضی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے آج ملک اس صورتحال سے دوچار ہے، ملک میں دہشت گردی، فرقہ واریت، لسانیات، صوبائیت اور لاقانونیت عروج پر ہے، آج ہمیں سوچنے کی ضرورت ہے کہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو کس طرح کا ملک چھوڑ کر جارہے ہیں، اگر ہم نے اپنی آنے والی نسلوں کے لئے ایک بہتر ملک چھوڑنا ہے تو ہمیں دہشت گردی، فرقہ واریت، لسانیات، لاقانونیت اور نسلی تعصب کے خلاف ایک جامع پالیسی تشکیل دے کر اس پر عمل درآمد کی ضرورت ہے۔ دہشت گردی کا خاتمہ عوام کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں، دہشت گردی کے خاتمے کی کوششوں میں عوام کو اعتماد میں لینا ہوگا، فرقہ واریت کے خاتمے کے لئے علماء￿  کرام سب سے زیادہ کلیدی اہمیت کی حامل ہے، ملک کو درپیش ان سنجیدہ مسائل کے لئے قومی اتحاد کی اشد ضرورت ہے۔