شیخ حسینہ کی حکومت کا تختہ الٹنے والے طلبہ کی سیاسی میدان میں انٹری

شیخ حسینہ کی حکومت کا تختہ الٹنے والے طلبہ کی سیاسی میدان میں انٹری

بنگلا دیش میں سابق وزیرِ اعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت کا تختہ الٹنے والے طلبہ نے سیاست میں قدم رکھ دیا ہے اور آج اپنی سیاسی جماعت ’جاتیا نگورک پارٹی‘ کا باقاعدہ آغاز کریں گے۔

 ان طلبہ کا مقصد عام انتخابات میں حصہ لینا اور اپنی جماعت کو ملک کی سیاست میں متعارف کرانا ہے۔ان طلبہ رہنماؤں نے اعلان کیا ہے کہ ان کی جماعت میں تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد، چاہے وہ ذات پات یا مذہب سے قطع نظر ہوں، شامل ہوں گے۔ اس پارٹی کی لانچنگ تقریب آج بڑے عوامی جلسے میں کی جائے گی، جہاں جماعت کے مرکزی رہنما محمد ناہید اسلام کو پارٹی کا کنوینر مقرر کیا جائے گا۔محمد ناہید اسلام حال ہی میں بنگلا دیش کے مشیرِ اطلاعات و نشریات کے عہدے سے استعفیٰ دے چکے ہیں اور اب انہوں نے اپنی سیاسی جماعت کی قیادت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 اس کے علاوہ عبوری حکومت میں شامل آصف محمود اور محفوظ عالم بھی اس جماعت میں شامل ہیں۔پارٹی کی افتتاحی تقریب میں بنگلا دیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ یہ سیاسی جماعت بنگلا دیش میں ایک نئے سیاسی دور کا آغاز کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جس میں طلبہ کی سیاست کو مرکزی حیثیت دی جائے گی اور نئے طریقے سے عوامی مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔