نیپرا:بجلی 2روپے یونٹ سستی کرنیکی درخواست پر فیصلہ محفوظ

جنوری کی فیول ایڈجسٹمنٹ کیلئے سماعت مکمل، ڈیٹا کی پڑتال کے بعد نوٹیفکیشن ہو گا 
سولر سیلز ٹیکس فیصلے بارے ایف بی آر سے تبادلہ خیال کے بعد تفصیلات دی جائینگی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) نیپرا نے جنوری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی بجلی2 روپے فی یونٹ سستی کرنے کی درخواست پر سماعت مکمل کر لی اور فیصلہ محفوظ کر لیا، نیپرا ڈیٹا کی مزید جانچ پڑتال کے بعد فیصلہ اور نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔عوامی سماعت چیئرمین نیپرا کی زیرصدارت ہوئی۔ پاور ڈویڑن نے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں کمی کی کیٹیگری میں زرعی ٹیوب ویلز اور ماہانہ 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلوصارفین کوشامل کرنے کی استدعا کی، حکام نے کہا گزشتہ روز نیپرا اتھارٹی کوخط لکھا، اس معاملے کو دیکھا جائے، ایف سی اے کیٹیگری میں شامل ہونے سے دیگر صارفین پر اثر نہیں پڑے گا، ایف سی اے کی مد میں کمی کا ریلیف تمام صارفین کو ملے گا، پاور ڈویڑن حکام نے سولر صارفین سے 18فیصد سیلز ٹیکس وصولی سے متعلق وفاقی ٹیکس محتسب کے فیصلے کے حوالے سے کہاکہ یہ معاملہ ایف بی آر سے ڈسکس کرکے اس معاملے پر تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔ جنوری کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق آئندہ ماہ مارچ کے بلوں میں کیے جانے کا امکان ہے، اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔ دسمبرکی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی ایک روپیہ 23پیسے فی یونٹ سستی کی گئی تھی۔