ضلع کرم میں پاراچنار مرکزی شاہراہ کو بند ہوئے 79 دن گزر گئے‘کراچی ودیگر شہروں میں بھی دھرنے، کراچی میں ٹریفک کی روانی شدید متاثر
لوگوں کی مشکلات کا احساس ہے‘ امید ہے جلد کرم کے مسئلے کا پرامن حل نکل آئے گا اور وہاں زندگی معمول پر آئے گی:علی امین گنڈا پور
کرم، کراچی ‘پشاور(آئی این پی )ضلع کرم میں پاراچنار مرکزی شاہراہ کو بند ہوئے 79 دن گزر گئے جس کے باعث ادویات اور خوراک کا ذخیرہ ختم ہو چکا ۔رینڈ امن جرگہ فریقین سے مذاکرات مکمل کرنے کے باوجود اب تک کسی حتمی فیصلے تک نہ پہنچ سکا، راستوں کی بندش سے علاقے میں ادویات نہ پہنچنے کے باعث پاراچنار کے اسپتالوں سے مسلسل اموات کی خبریں آرہی ہیں جبکہ لوگ فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔ ابتر صورتحال کے خلاف پاراچنار میں 8 دن سے احتجاجی دھرنا جاری ہے۔ ادھر مظاہرین سے یکجہتی کے لیے اسلام آباد، لاہور، جھنگ اور مظفرآباد سمیت مختلف شہروں میں دھرنے دیے گئے ہیں۔ کراچی میں ٹریفک پولیس کے مطابق پارا چنار صورتحال پر مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور کرم میں امن و امان کا قیام صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ کرم کے شہریوں کو درپیش مشکلات کا بخوبی احساس ہے، صوبائی حکومت کی کوشش ہے کرم کے عوام کو درپیش مسائل جلد سے جلد حل ہوں، امید ہے جلد کرم کے مسئلے کا پرامن حل نکل آئے گا اور وہاں زندگی معمول پر آئے گی۔علی امین گنڈا پور کا مزید کہنا تھا کہ مسئلے کے پرامن اور قابل قبول حل کے لئے حتی الوسع کوششیں کررہے ہیں، فریقین اورعمائدین علاقے کے امن کی خاطر صوبائی حکومت کی کوششوں کا ساتھ دیں