اسلام آباد میں سعودی عرب کے وزیر ماحولیات، پانی اور زراعت انجینئر عبدالرحمن بن عبدالمحسن الفضلی نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے، خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے مابین حال ہی میں طے پانے والا مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ خطے میں اتحاد اور امن کا پیغام ہے، جس سے تینوں ممالک مزید قریب آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب اسٹریٹجک شراکت دار ہیں، لہٰذا دونوں ممالک کو اقتصادی اور زرعی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینا چاہئے تاکہ اپنے دیرینہ تعلقات کو مضبوط تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت داری میں تبدیل کیا جا سکے، جس سے دونوں فریقین کو فائدہ ہوگا۔
وزیراعظم نے پاکستان سے سعودی عرب کو جاری زرعی مصنوعات کی برآمدات پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس ضمن میں ٹیکنالوجی، تحقیق و ترقی اور پانی کے مؤثر استعمال کے ذریعے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جلد پاکستان کے زرعی ماہرین کا ایک وفد ریاض کا دورہ کرے گا، تاکہ دونوں ممالک اس سلسلے میں مزید بات چیت کریں اور شراکت داری کی مکمل صلاحیت سے فائدہ اٹھائیں۔سعودی وزیر نے پاکستان کے ساتھ تعاون کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے، زراعت، پانی اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں مزید تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ ملاقات میں وفاقی وزراء، اعلیٰ سرکاری حکام اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔