خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈآپریشنز،11دہشتگردہلاک

پاکستان کو دہشتگردی کی لعنت سے پاک کر کے دم لیں گے: صدر مملکت،سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوت ہمارا سرمایہ افتخار ہیں:وزیرداخلہ
راولپنڈی (آن لائن)سیکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کیخلاف کامیاب کارروائیاں جاری ہیں اورجنوبی وزیرستان اور بنوں جبکہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج اورفتنہ الہندوستان کے 11دہشتگرد جہنم واصل کردیئے۔صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہبازشریف اور وزیرداخلہ محسن نقوی نے کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ صدر نے کہا کہ پاکستان کو دہشتگردی کی لعنت سے پاک کر کے دم لیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے ۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوت ہمارا سرمایہ افتخار ہیں۔