بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے بعد دریائے راوی، چناب اور ستلج میں آنے والے سیلاب نے پنجاب میں شدید تباہی مچا دی ہے۔
پنجاب میں مسلسل بارشوں کے بعد بڑے دریا پہلے ہی بڑھتے ہوئے بہاؤ میں تھے، لیکن بھارت نے دریائے راوی میں 2 لاکھ کیوسک پانی چھوڑا، جس سے تینوں دریا بپھر گئے اور کئی اضلاع میں شدید نقصان ہوا۔ انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کے باعث آٹھ اضلاع میں پاک فوج سے مدد طلب کی گئی ہے۔یہ واضح رہے کہ کیوسک (Cusec) دراصل کیوبک فٹ فی سیکنڈ کا پیمانہ ہے، یعنی پانی کے بہاؤ کی رفتار۔ ایک کیوسک تقریباً 28 لیٹر پانی فی سیکنڈ کے برابر ہوتا ہے۔ اس حساب سے بھارت کی جانب سے دریائے راوی میں 2 لاکھ کیوسک پانی کا مطلب فی سیکنڈ 5,663,400 لیٹر پانی ہے، جو پنجاب میں بڑے پیمانے پر تباہی کا سبب بن رہا ہے۔سیلابی ریلوں سے کئی دیہات اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے، متعدد بستیاں مٹ گئیں اور لاکھوں افراد بے گھر ہوئے۔ بعض مقامات پر جانی نقصان کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں، جبکہ آنے والے دنوں میں مزید نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔