جب کوئی بلے باز اپنی اننگز کا آغاز کرتے ہی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوجائے تو کرکٹ کی زبان میں اسے Duck (ڈک) کہا جاتا ہے۔
اس موقع پر ٹی وی اسکرین پر اکثر بطخ کی تصویر بھی دکھائی جاتی ہے۔لیکن سوال یہ ہے کہ آخر صفر پر آؤٹ ہونے کو بطخ یعنی ڈک کیوں کہا جاتا ہے؟
اصطلاح کی دلچسپ کہانی
یہ اصطلاح دراصل بطخ کے انڈے سے منسوب ہے، کیونکہ انڈے کی شکل بالکل صفر جیسی ہوتی ہے۔ 1866 میں ایک تاریخی واقعہ پیش آیا جب پرنس آف ویلز ایک میچ میں صفر پر آؤٹ ہوئے۔ اگلے دن اخبار نے لکھا کہ وہ "بطخ کے انڈے پر سوار ہو کر پویلین لوٹ گئے"۔ یہ جملہ اتنا مشہور ہوا کہ تب سے دنیا بھر میں کرکٹ میں "ڈک" کا لفظ رائج ہوگیا۔
Duck کی اقسام
Golden Duck (گولڈن ڈک): جب بیٹر اپنی پہلی ہی گیند پر صفر پر آؤٹ ہوجائے۔
Diamond Duck (ڈائمنڈ ڈک): جب بیٹر بغیر کوئی گیند کھیلے ہی صفر پر آؤٹ ہوجائے، عموماً نان اسٹرائیکر اینڈ پر رن آؤٹ ہونے یا وائیڈ گیند پر اسٹمپ ہونے کی صورت میں۔
مشہور ریکارڈز
ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ بار صفر پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ سری لنکا کے سنتھ جے سوریا کے پاس ہے، جو 34 بار ڈک پر آؤٹ ہوئے۔اس فہرست میں دوسرا نمبر پاکستان کے شاہد آفریدی کا ہے، جو ون ڈے کرکٹ میں 30 بار صفر پر آؤٹ ہوئے۔