کشمیر سب سے زیادہ ملٹری قبضہ زدہ خطہ، مزید نظر انداز نہ کیا جائے: مشعال ملک

کشمیر سب سے زیادہ ملٹری قبضہ زدہ خطہ، مزید نظر انداز نہ کیا جائے: مشعال ملک

حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ اور انسانی حقوق کی علمبردار مشعال حسین ملک نے کشمیر کے بارے میں اہم پیغام دیا ہے۔

 انہوں نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر سب سے زیادہ ملٹری قبضہ زدہ خطہ ہے اور اسے مزید نظر انداز نہیں کیا جانا چاہئے۔مشعال حسین ملک نے 78 سال قبل 27 اکتوبر 1947 کو بھارت کے غیر قانونی قبضے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن کشمیریوں کے لیے سیاہ دن ہے جب بھارت نے بغیر کشمیریوں کی مرضی کے ریاست پر قبضہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ آج بھی کشمیر دنیا کا سب سے زیادہ فوجی قبضہ ہے، جہاں 9 لاکھ بھارتی فوج تعینات ہے، اور کشمیری مائیں اپنے بیٹوں کے غم میں نڈھال ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت کشمیری قیادت کو خاموشی سے ختم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، اور یاسین ملک کا 10 نومبر کو ہونے والا ٹرائل عالمی انصاف کے لیے ایک اہم امتحان ہے۔ مشعال حسین ملک نے یاسین ملک کو امن کا سفیر قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر عالمی طاقتیں خاموش رہیں اور کشمیری عوام کو نظر انداز کیا گیا، تو یہ خطہ ایک بڑے سیاسی دھماکے کا سبب بن سکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ کوئی صرف اپیل نہیں بلکہ ایک وارننگ ہے کہ کشمیر کو نظر انداز کرنے سے تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔