پنجاب کے نجی سکولوں میں تمام ملازمین کی پولیس سے کریکٹر تصدیق لازمی قرار

 اساتذہ، کلاس فور ملازمین، ڈرائیورز، سکیورٹی گارڈز اور چوکیداروں سمیت تمام ملازمین کی تقرری سے پہلے متعلقہ پولیس یا مجاز اتھارٹی سے کریکٹر ویری فکیشن اور سکیورٹی کلیئرنس حاصل کرنا ہوگی
 کریکٹر ویری فکیشن کے بغیر کسی ملازم کو طلبہ سے براہ راست رابطے کی ذمہ داری نہیں سونپی جائے گی‘ تمام اضلاع کے چیف ایگزیکٹو آفیسراحکامات پر عملدرآمد کرائیں:محکمہ سکول ایجوکیشن
اہور(آئی این پی  )حکومت پنجاب نے بچوں کو ہراسانی اور دیگر ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھنے کیلئے  صوبے کے تمام نجی اسکولوں میں تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی کریکٹر اور پولیس ویری فکیشن لازمی قرار دے دی  ۔محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق اساتذہ، کلاس فور ملازمین، ڈرائیورز، سکیورٹی گارڈز اور چوکیداروں سمیت نجی اسکولوں کے تمام ملازمین کی تقرری سے پہلے متعلقہ پولیس یا مجاز اتھارٹی سے کریکٹر ویری فکیشن، بیک گرائونڈ چیکنگ اور سکیورٹی کلیئرنس حاصل کرنا ہوگی۔نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ کریکٹر ویری فکیشن کے بغیر کسی ملازم کو طلبہ سے براہ راست رابطے کی ذمہ داری نہیں سونپی جائے گی۔محکمہ تعلیم نے پنجاب کے تمام اضلاع کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اضلاع کے نجی اسکولوں کی انتظامیہ کو ان احکامات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کا پابند کریں۔محکمہ تعلیم کے مطابق صوبے کے متعدد نجی تعلیمی اداروں میں تدریسی اور غیر تدریسی عملے کو مناسب بیک گرانڈ، کریکٹر اور پولیس ویری فکیشن کے بغیر ملازمت دی جا رہی ہے جو بچوں کی حفاظت کے حوالے سے سنگین خدشات پیدا کر سکتا ہے۔دوسری جانب پنجاب میں خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لیے قوانین میں مزید اصلاحات متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں لا ریفارمز کوآرڈینیشن کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا جس میں موجودہ قوانین کو مزید موثر بنانے اور انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے  کیلئے تجاویز پیش کی گئیں۔