رونالڈو نے شادی کے لیے 500 سال پرانے چرچ کا انتخاب کیا

رونالڈو نے شادی کے لیے 500 سال پرانے چرچ کا انتخاب کیا

فٹبال کی دنیا کے لیجنڈری سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے شادی کے لیے اپنے آبائی علاقے مادیرا (Madeira) کو چن لیا ہے، جہاں امکان ہے کہ ورلڈ کپ 2026 کے اختتام کے بعد گرمیوں میں شادی کی تقریب منعقد ہوگی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی فٹبال کلب النصر کے پرتگالی اسٹرائیکر رونالڈو اور ان کی 31 سالہ منگیتر جارجینا روڈریگز کی شادی فنشل کیتھیڈرل چرچ میں ہوگی، جو مادیرا کا معروف اور تاریخی ترین چرچ ہے۔ شادی کے بعد استقبالیہ ایک عالیشان ہوٹل میں رکھا جائے گا۔یہ چرچ رونالڈو کے لیے انتہائی جذباتی اہمیت رکھتا ہے۔ یہ 15ویں صدی کے اوائل میں تعمیر ہوا اور رونالڈو کی جائے پیدائش کے اسپتال سے صرف 2 میل کے فاصلے پر واقع ہے۔ اس کے علاوہ ان کا ابتدائی کلب نیشنل دا مادیرا بھی اسی علاقے کے قریب ہے، جو اس مقام کو ان کی زندگی میں مزید خاص بنا دیتا ہے۔

رونالڈو اور جارجینا نے گزشتہ اگست میں اپنی منگنی کا اعلان کیا تھا۔ اسی موقع پر جارجینا کی وہ ہیرا جڑی انگوٹھی بھی خوب موضوعِ بحث بنی، جس کے بارے میں رپورٹس ہیں کہ وہ 37 قیراط کا قیمتی ہیرا ہے، جس کی مالیت تقریباً 5 ملین ڈالر بتائی جاتی ہے۔رپورٹس کے مطابق شادی کی تقریب نہ صرف انتہائی شاہانہ ہوگی بلکہ رونالڈو کے کیریئر اور ذاتی زندگی کا سب سے اہم اور یادگار موقع تصور کی جا رہی ہے۔