وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خصوصی طلبہ کے لیے کھانے کی فراہمی کے پروگرام کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ لاہور میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے خصوصی بچوں کو معاشرے کے حقیقی ہیروز قرار دیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ خصوصی بچوں کو منفرد صلاحیتوں سے نوازتا ہے اور ان کی تعلیم و تربیت ریاست کی اہم ذمہ داری ہے۔ انہوں نے سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور صوبائی وزیر ثانیہ عاشق کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام اضلاع میں خصوصی بچوں کے لیے سینٹر آف ایکسی لینس بنانے کا وعدہ پورا ہو رہا ہے، اور پہلے مرحلے میں 28 اضلاع میں سینٹرز مکمل کر لیے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب میں خصوصی بچوں کے لیے مجموعی طور پر 303 ادارے قائم ہیں جن کی مکمل تعمیرِ نو کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے خصوصی بچوں کی ماؤں سے کہا کہ وہ شکریہ ادا نہ کریں، یہ حکومت اور وزیراعلیٰ کا فرض ہے کہ خصوصی بچوں کی دیکھ بھال اور سہولیات یقینی بنائے۔
مریم نواز نے کہا کہ ریاست کو سڑکوں، صفائی، علاج، تعلیم سے لے کر روزمرہ ضروریات تک ہر چیز کا خیال رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ وزیراعلیٰ کے عہدے کو تفریح سمجھتے ہیں حالانکہ یہ سب سے بڑی ذمہ داری کا منصب ہے اور خدمت کے بغیر یہ عہدہ صرف ایک بوجھ ہے۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں سکول میل پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے اور خواہش ہے کہ ہر گھر تک پہنچ کر خصوصی بچوں کی تلاش کی جائے تاکہ انہیں مناسب سرکاری اداروں میں داخل کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید اعلان کیا کہ
ہر خصوصی سکول کو CCTV مانیٹرنگ بسیں فراہم کی جائیں گی، جن میں سے 60 بسیں پہنچ چکی ہیں۔
خصوصی بچوں کو بہترین ماحول فراہم کرنے سے وہ خاندان پر بوجھ نہیں بنتے۔
حکومت 70 سے 75 ہزار خصوصی افراد کو "ہمت کارڈ" جاری کر رہی ہے اور ہزاروں خصوصی بچوں کو بھی یہ کارڈ فراہم کیے جائیں گے۔
تقریب کے آغاز پر وزیراعلیٰ نے خصوصی بچوں کے ساتھ گھنٹی بجا کر پروگرام کا افتتاح کیا اور بعد ازاں طلبہ کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔