پی ٹی آئی احتجاج، حکمت عملی تبدیل
عمران خان کے کیسز کی سماعت پر کے پی کے اراکین اسلام آباد ہائیکورٹ ،پنجاب کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی لاہور ہائیکورٹ کے باہر احتجاج کریں گے
راولپنڈی ( مانیٹرنگ ڈیسک ) عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ کسی کو اسلام آباد نہیں بلاؤں گا کیونکہ یہاں سنائپر بٹھائے جاتے ہیں، پارٹی تیاری پکڑے پورے پاکستان میں تحریک چلائیں گے جبکہ عمران خان کے کیسز کی سماعت پر پی ٹی آئی نے اسلام آباداور لاہور ہائیکورٹ کے باہر احتجاج کا فیصلہ کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں قید بانی تحریک انصاف عمران خان اہم پیغام سامنے آیا ہے۔ پیر کے روز اڈیالہ جیل میں بانی تحریک انصاف سے ملاقات کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے بتایا کہ آج بانی پی ٹی آئی عمران خان نے تین نکاتی پوائنٹس بھیجے ہیں، عمران خان نے کہا ہے کہ عام قیدی کے جو حقوق ہیں وہ بھی انہیں نہیں دئیے جارہے، 8 ماہ میں صرف ایک بار بچوں سے بات کرائی گئی ، میری بہنوں سے ملاقات نہیں کراتے۔علیمہ خان نے کہا کہ ہم اپنے بھائی کو کتابیں پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن جیل انتظامیہ کتابیں روک لیتی ہیں بانی کے ذاتی ڈاکٹرز سے چیک اَپ نہیں کرایا جارہا علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کو مجھ پر دباؤ ڈالنے کے لیے جیل میں رکھا گیا، ساری زندگی جیل میں بھی رکھ لیں نہیں جھکوں گا۔علیمہ خان نے کہا کہ یوٹیوبر کہتے ہیں بانی باہر نکلنے والے ہیں، ڈیل ہوگی، امریکن آگئے، اب سمجھ آرہی ہے کہ عوام کا ٹیمپریچر ٹھنڈا رکھنے کے لیے ایسے وی لاگ بنائے جاتے ہیں۔ عمران خان نے واضح کردیا ہے کہ پارٹی تیاری کرے بڑی تحریک کی، لوگوں کو اسلام آباد نہیں بلاؤں گا، پورے پاکستان میں تحریک چلائیں گے پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر احتجاج کا فیصلہ کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے تمام اراکین کو طلب کرلیا۔پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے اسلام آباد اور لاہور ہائیکورٹ کے باہر احتجاج کا فیصلہ کیا ہے پنجاب کے ایم این ایز و ایم پی ایز لاہور ہائیکورٹ کے باہر مظاہرہ کریں گے جبکہ خیبر پختونخوا کے اراکین اسمبلی کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایات کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق قیادت نے پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر کو تمام ممبران کو اسلام آباد لانے کی ذمہ داری سونپ دی اور گزشتہ احتجاج میں غیر حاضر رہنے والوں کے حوالے سے خصوصی ہدایت جاری کی ہے۔ذرائع کے مطابق جنید اکبر نے کے پی اراکین کو رات کو ہی اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت دے دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کا احتجاج عمران خان کے کیسز کی سماعت کے موقع پر ہوگا۔