تمام افسروں کا سال میں ایک بار طبی معائنہ لازمی قرار

اسلام آباد(آئی این پی)  وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سرکاری افسران کی کارکردگی کے جائزے سے متعلق اہم ترامیم کی منظوری دیدی  ، تاہم ان ترامیم کے تحت وفاقی حکومت کے گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے تمام افسران کے لیے سال میں ایک مرتبہ طبی معائنہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ذرائع کے حوالے سے میڈیارپورٹ کے  مطابق افسران کو ملازمت میں برقرار رکھنے، تربیتی کورسز میں نامزدگی اور ترقیوں کے فیصلے اب ان کی سالانہ میڈیکل رپورٹس کی بنیاد پر کیے جائیں گے۔وزیراعظم کی منظوری کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے اس حوالے سے باضابطہ مراسلہ تمام وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کو ارسال کر دیا ہے جبکہ تمام صوبوں کو بھی اس پالیسی پر عمل درآمد کے لیے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔اس اقدام کا مقصد بیماریوں کی بروقت تشخیص، افسران کی قابلیت کا تعین اور انہیں اہم ذمہ داریوں کے لیے اہل قرار دینا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ہر افسر کے طبی معائنے کے لیے ایک مخصوص پروفارما جاری کیا جائے گا اور یہ معائنہ مجاز میڈیکل آفیسرز کی نگرانی میں سرکاری ٹیچنگ اسپتالوں یا ضلعی ہیڈکوارٹرز اسپتالوں میں کیا جائے گا جبکہ تمام سالانہ میڈیکل رپورٹس متعلقہ وزارت یا کیڈر ایڈمنسٹریٹر کو ہر سال 31 مارچ تک فراہم کرنا لازمی ہوگا۔ علاوہ ازیں افسر کے طبی معائنے کی تکمیل کی تصدیق کا سرٹیفکیٹ بھی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ارسال کیا جائے گا، ہر افسر کی میڈیکل رپورٹ علیحدہ میڈیکل رول کے طور پر محفوظ کی جائے گی، اگر کوئی افسر ذہنی یا جسمانی طور پر مکمل معذور قرار پاتا ہے تو اس کا مزید جائزہ ایک میڈیکل بورڈ کے ذریعے لیا جائے گا