پولیس چوکی میں تشدد کے بعد موت، 7 افراد کو ایف آئی آر میں شامل کیا گیا

پولیس چوکی میں تشدد کے بعد موت، 7 افراد کو ایف آئی آر میں شامل کیا گیا

پولیس چوکی انڈسٹریل ایریا میں ایک زیر حراست شخص کی پھندا لگی لاش ملنے کے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جس میں پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقدمہ قتل، اختیارات سے تجاوز اور تشدد کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ مقتول افتخار کو دوران حراست تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہوئی۔واقعے کے مطابق 26 مارچ کو مقتول کے موبائل فون سے ایک پولیس اہلکار نے ان کی اہلیہ کو کال کی اور اطلاع دی کہ افتخار کو لڑکی کے اغواء کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں الزام ہے کہ پولیس اہلکار مقتول کے خلاف کارروائی نہ کرنے کے بدلے 2 لاکھ روپے رشوت کا مطالبہ کرتے رہے۔پولیس حکام نے بتایا کہ انڈسٹریل ایریا چوکی کا عملہ زیر حراست ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔