جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ واپس لے لیا

جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ واپس لے لیا

چیئرمین نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن (این آئی آر سی) جسٹس ریٹائرڈ شوکت عزیز صدیقی نے اپنا عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔

 یہ فیصلہ اُنہوں نے سیکریٹری وزارت سمندر پار پاکستانیز ڈاکٹر ارشد محمود کی درخواست پر کیا، جنہوں نے جسٹس صدیقی سے ملاقات کر کے اُن کی کارکردگی کو سراہا اور عہدہ چھوڑنے کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کی۔سیکریٹری ڈاکٹر ارشد محمود نے اپنی بات میں کہا کہ گزشتہ تین ماہ میں جسٹس (ر) شوکت عزیز صدیقی کی قیادت میں ورکرز کے زیر التواء کیسز کا تیز ترین حل نکالا گیا اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ این آئی آر سی نے ورکرز کے مسائل حل کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

وزارت سمندر پار پاکستانیز کے سیکریٹری نے جسٹس (ر) شوکت عزیز صدیقی سے درخواست کی کہ وہ ورکرز کی بہتری اور فلاح کے لیے چیئرمین این آئی آر سی کے عہدے پر کام جاری رکھیں، جس پر جسٹس (ر) شوکت عزیز صدیقی نے عہدہ نہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا اور کہا کہ وہ ورکرز کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ وفاقی کابینہ نے دسمبر 2024 میں جسٹس (ر) شوکت عزیز صدیقی کو تین سال کے لیے چیئرمین این آئی آر سی مقرر کیا تھا۔