خواتین اساتذہ اونچی ہیلز پہن کر سکول نہ آیا کریں، زیورات پہننے سے بھی گریز کریں،محکمہ تعلیم
کراچی(خصوصی رپورٹ)محکمہ تعلیم سندھ نے سکولوں کے اساتذہ کے لیے کوڈ آف کنڈکٹ جاری کرتے ہوئے خواتین اساتذہ کے لیے زیادہ میک اپ، زیادہ زیورات اور اونچی ہیلز پہننا ممنوع قرار دے دیا، مرد اساتذہ کو بھی جینز شرٹ پہننے سے روک دیا۔محکمہ تعلیم سندھ نے ہدایت کی ہے کہ خواتین اساتذہ زیادہ میک اپ سے اجتناب برتیں اور اونچی ہیلز پہن کر سکول نہ آیا کریں جبکہ زیادہ زیورات پہننے سے بھی گریز کریں۔محکمہ تعلیم نے مرد اساتذہ کو ٹی شرٹ اور جینز پہن کر سکول آنے گریز کی ہدایت کردی جبکہ خواتین اساتذہ کو بھی روایتی لباس کے انتخاب اور گائون پہننے کا مشورہ دیا ہے۔محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ اساتذہ کو سکولز کے احاطے میں گٹکا، نسوار، ماوا کھانے یا سگریٹ پینے کی اجازت نہیں ہوگی۔محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ اساتذہ کا طالب علموں سے ذاتی نوعیت کے کام کرانا سختی سے منع ہے۔