چالان ، ٹریفک اہلکار چلتی گاڑی سے لٹک گیا، ویڈیو وائرل

اہلکار انعام الحق نے گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا ڈرائیور نے آ گے بڑھا دی 
قوانین پر عمل درآمد ضروری ، جان کے تحفظ کو مقدم رکھا جانا چاہیے: شہری
فیصل آباد (خصوصی رپورٹ) فیصل آباد میں ٹریفک پولیس اہلکار کے چلتی گاڑی کے ساتھ لٹک جانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔کینال روڈ پر ڈیوٹی کے دوران ٹریفک پولیس اہلکار انعام الحق نے ایک کار کو چیکنگ کے لیے رکنے کا اشارہ کیا، تاہم کار ڈرائیور نے مبینہ طور پر گاڑی نہ روکی اور آگے بڑھا دی۔ اس دوران ٹریفک اہلکار گاڑی کے ساتھ لٹک گیا، جبکہ گاڑی کچھ فاصلے تک چلتی رہی۔ واقعے کی موبائل فون سے بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس میں اہلکار کو گاڑی کے ساتھ لٹکا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔ذرائع کے مطابق ٹریفک پولیس اہلکاروں کو چالان کے مقررہ اہداف پورے کرنے کا دباؤ بھی درپیش ہوتا ہے، تاہم اس حوالے سے متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔واقعے پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد ضروری ہے، تاہم شہریوں اور پولیس اہلکاروں دونوں کی جان کے تحفظ کو ہر صورت مقدم رکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ غیر ضروری چالانوں سے اجتناب کیا جائے اور ٹریفک قوانین پر مؤثر، محفوظ اور متوازن انداز میں عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔