ہانیہ عامر کی سالانہ آمدنی 50 کروڑ روپے تک پہنچ گئی، بھارتی میڈیا کا انکشاف

ہانیہ عامر کی سالانہ آمدنی 50 کروڑ روپے تک پہنچ گئی، بھارتی میڈیا کا انکشاف

پاکستان کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر اپنی دلکش اداکاری اور شخصیت کی بدولت نہ صرف پاکستانی مداحوں میں مقبول ہیں بلکہ اب وہ بھارتی فلم انڈسٹری میں بھی قدم رکھ چکی ہیں۔

 حال ہی میں وہ پنجابی فلم "سردار جی 3" کے ٹریلر میں بھارتی سپر اسٹار دلجیت دوسانجھ کے ساتھ جلوہ گر ہوئیں، جس کے بعد بھارتی میڈیا کی نظریں ان پر مرکوز ہو گئیں۔بھارتی ویب سائٹ بالی ووڈ لائف نے اداکارہ کی مقبولیت، طرزِ زندگی اور آمدنی پر مبنی ایک مفصل رپورٹ شائع کی ہے، جس میں ان کے شوبز کیریئر سے لے کر ذاتی اثاثوں تک پر روشنی ڈالی گئی ہے۔

علاقائی شہرت اور مداحوں کا دائرہ
رپورٹ کے مطابق ہانیہ عامر کی شہرت پاکستان، بھارت، بنگلادیش، سری لنکا اور افغانستان تک پھیلی ہوئی ہے۔ وہ سوشل میڈیا پر لاکھوں فالوورز رکھتی ہیں اور نوجوان نسل میں بے حد مقبول ہیں۔ ان کی ہر ویڈیو، تصویر یا ڈرامہ فوری وائرل ہو جاتا ہے۔

عیش و آرام بھری زندگی
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ ہانیہ عامر کی ملکیت میں مہنگی گاڑیاں (جن میں ایک لگژری آڈی کار بھی شامل ہے)، عالیشان گھر، اور مہنگے برانڈڈ ملبوسات شامل ہیں، جو ان کے اعلیٰ معیارِ زندگی کا ثبوت ہیں۔

سالانہ آمدنی اور معاوضہ
بالی ووڈ لائف کے مطابق ہانیہ عامر کی سالانہ آمدنی تقریباً 50 کروڑ پاکستانی روپے بتائی گئی ہے، جو کہ ڈراموں، فلموں، برانڈ انڈورسمنٹس، اشتہارات اور سوشل میڈیا پر شراکت داری سے حاصل ہوتی ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ وہ فی ٹی وی قسط کے عوض 4 لاکھ روپے تک معاوضہ لیتی ہیں۔البتہ، فلم "سردار جی 3" میں ان کے معاوضے کی تفصیل میڈیا سے شیئر نہیں کی گئی۔

فلم "سردار جی 3" میں اہم کردار
فلم کے ٹریلر میں ہانیہ عامر کی جھلک نے پاکستانی و بھارتی ناظرین میں جوش و خروش پیدا کر دیا ہے۔ دلجیت دوسانجھ کے مداح بھی ہانیہ کے ساتھ ان کی کیمسٹری کو لے کر پرجوش نظر آ رہے ہیں۔ فلم کی ریلیز سے قبل ہی ہانیہ بھارتی سوشل میڈیا ٹرینڈز پر جگہ بنانے میں کامیاب ہو چکی ہیں۔