تخفیف جرم، غفلت یا اختیارات کے ناجائز استعمال پر کوئی معافی نہیں: فیصل کامران
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنزلاہورمحمد فیصل کامران نے کہا ہے کہ آپ ہی پچھلے ایک سال میں جرائم میں کمی لائے ہیں۔ فیلڈ جوان پولیس کا اولین نمائندہ ہیں، شہریوں کے ساتھ عزت سے پیش آئیں۔ جرائم پر قابو پانے کے لیے اشتہاریوں کی گرفتاری پر خصوصی توجہ دی جائے۔کرکٹ ٹرائی سیریز، چیمپینز ٹرافی کے ساتھ معمول ڈیوٹی بھرپور طریقے سے ادا کرنا ہو گی۔ تخفیف جرم، غفلت یا اختیارات کے ناجائز استعمال پر کوئی معافی نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں میٹ دی فورس پروگرام کے تحت پولیس افسران وجوانوں سے تفصیلی گفتگو کے دوران کیا۔ میٹ دی فورس میں آپریشنز ونگ، ڈولفن، پیرو، مجاہد سکواڈ، ایلیٹ اور اے آر ایف کے جوانوں نے شرکت کی۔ ایس ایس پی آپریشنز تصور اقبال، ایس پی سکیورٹی عبدالوہاب،ایس پی ہیڈ کوارٹرز،ڈویڑنل ایس پیز ودیگر افسران ہمراہ موجود تھے۔ فیصل کامران نے جوانوں کے مسائل براہ راست سن کرموقع پر متعلقہ افسرا ن کو احکامات جاری کیے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے جوانوں اور افسران سے آنے والے سیکورٹی چیلنجز کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تھانوں میں صفائی، ذاتی وردی سمیت تمام ایس او پیز کا خیال رکھیں۔ عوام کے ساتھ رویہ بہترین رکھیں، خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔