ٹیکس چوری ،کم دینے پرشوگر ملز کیخلاف سخت کارروائی کاحکم

ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن سے قومی خزانے کو اربوں کا فائدہ پہنچے گا:وزیراعظم
 نادہندگان کو ٹیکس نیٹ،سیمنٹ ، ٹوبیکو انڈسٹریز کی ویڈیو اینالیٹیکس نمٹانیکی ہدایت 
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیکس چوری اور کم ٹیکس دینے والی شوگر ملز کیخلاف سخت اور بلا امتیاز کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی کے سٹاک کی باقاعدہ نگرانی کی جائے تاکہ سپلائی چین متاثر نہ ہو۔ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے اقدامات سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا فائدہ پہنچے گا۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت محصولات میں بہتری کیلئے اقدامات پر اہم جائزہ اجلاس ہوا، وزیراعظم کو شوگر انڈسٹری میں ویڈیو اینالیٹیکس کی تنصیب اور نگرانی پر بریفنگ دی گئی۔ شہباز شریف نے کہا ٹیکنالوجی کے استعمال سیایف بی آر کی کارکردگی کو بہتر بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے ،وزیراعظم نے محصولات وصولی کیلئے حکمت عملی نفاذ پر عملدرآمد کیلئے سخت اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا شوگر انڈسٹری میں ویڈیو اینالیٹیکس تنصیب کے بعد محصولات وصولی میں بہتری آئے گی۔ اصلاحات سے چینی کی ذخیرہ اندوزی کا خاتمہ ہو گا اور قیمتوں میں توازن رکھنے میں مدد ملے گی۔ بھرپور کوشش ہے کہ عوام کو سستے داموں چینی فراہمی یقینی بنائی جائے۔چینی کے سٹاک کی باقاعدہ نگرانی کی جائے تاکہ چینی سپلائی چین متاثر نہ ہو۔وزیراعظم نے کہاایف بی آر ویلیو چین کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن کے کام کو جلد مکمل کرے۔وزیراعظم نے ٹیکس نادہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لانے ،ٹیکس نہ دینے پرسخت کارروائی،سیمنٹ اور ٹوبیکو انڈسٹریزکی ویڈیو اینالیٹیکس کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایات دیں۔اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ ، وزیر مملکت خزانہ علی پرویز ملک اور متعلقہ اعلیٰ افسروں نے شرکت کی۔