سکیورٹی اداروں کا غلط استعمال ، چادر چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا،غلام محی الدین
الہ آباد (خصوصی رپورٹ)لیسکو آپریشن کے دوران مزاحمت، متعدد وکلا ء کی گرفتاری پر وکلابرادری کا احتجاج،صدر بار کی کال پر وکلاء نے واپڈا آفس کے سامنے روڑ بلاک کر دیا۔تفصیلات کے مطابق واپڈا اہلکاروں نے رینجرز اور پولیس کے ہمراہ ظہیر آباد کالونی چونیاں میں واجبات کی مد میں آپریشن کرتے ہوئے دو سابق صدوربار سمیت چار وکلاء کو گرفتار کرا دیا جس پروکلاء نے پولیس اور لیسکو اہلکاروں سے مزاحمت کرتیہوئے مین چھانگا مانگا لنک ملتان روڈ کو بلاک کر کے احتجاج کیا۔صدر بار غلام محی الدین نے الزام لگایا کہ واپڈا اہلکاروں سکیورٹی اداروں کا غلط استعمال کیا ، غنڈہ گردی اور لوٹ مارکی ، گھروں میں چادر چار دیواری کا تقدس پامال کیا۔ایکسین اور سکیورٹی افسروں نے وکلاء رہنماؤں سے مذاکرات کئے اور وکلاء نے احتجاج ختم اورپولیس نے گرفتار وکلاء کو رہا کر دیا۔ایکسین چونیاں فیضان قادر کا کہنا ہے کہ وکلاء برادری اس قومی مسئلہ میں واپڈا ودیگر اداروں کا ساتھ دے جبکہ وکلاء قیادت نے بجلی چوروں اور ڈیفالٹرز کے خلاف کارروائی پر تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ جن صارفین کے کیسز کورٹس میں زیر سماعت ہیں وہاں مداخلت نہ کی جائے۔