دل چاہتا ہے پنجاب میں کوئی بھی بے گھر نہ رہے :مریم نواز

 ریاست ماں  جیسی ہوتی ہے  اور ماں کو بے گھر بچوں کا سب سے زیادہ احساس ہوتا ہے‘ ہر کسی کے پاس اپنی چھت کا سکون ہونا چاہیے
کلین اور قابل تجدید توانائی ہماری بقا ء اور وقت کی اہم ضرورت ہے،پنجاب کو فوسل فیول سے نجات دلا کر صاف اور سبز توانائی کے دور میں داخل کررہے ہیں:وزیراعلی

 لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا "اپنی چھت، اپنا گھر" پروگرام ایک تاریخی کامیابی بن گیا ہے۔منصوبے کے تحت صوبہ بھر میں 9 ہزار سے زائد افراد کو ساڑھے 8 ارب روپے سے زائد کے بلاسود قرضے جاری کیے جا چکے ہیں۔ چند ماہ کی قلیل مدت میں ساڑھے 8 ارب روپے کے مائیکروفنانس قرضے جاری کرنے کا منفرد ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔ منصوبے کے پہلے مرحلے میں 5 ہزار لون جاری کیے گئے، جبکہ دوسرے مرحلے میں 3 ہزار مزید لون کے ذریعے گھروں کی تعمیر کا آغاز ہو چکا ہے۔"اپنی چھت، اپنا گھر" کے پورٹل پر اب تک 4 لاکھ سے زائد درخواستیں جمع ہو چکی ہیں، جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔ ان درخواستوں کی تصدیق تین غیر جانبدار مائیکروفنانس ادارے کر رہے ہیں تاکہ مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔پروگرام کے تحت 5 ہزار سے زائد مکانات تکمیل کے آخری مراحل میں ہے، جبکہ مزید گھروں کی تعمیر بھی جاری ہے۔ وزیر اعلی کے مطابق ایک سال میں ایک لاکھ اور پانچ سال میں پانچ لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔وزیر اعلی مریم نواز شریف نے زور دیا کہ اس پروگرام میں سفارش کا کوئی عمل دخل نہیں ہوگا اور تمام قرض میرٹ پر دیے جائیں گے۔ پروگرام کے تحت 15 لاکھ روپے کے قرضے حاصل کرنے والے افراد کو 9 سال میں ماہانہ 14 ہزار روپے قسط کی صورت میں اصل رقم ہی واپس کرنی ہوگی، جو عوام کے لیے ایک اہم سہولت ہے۔وزیر اعلی مریم نواز شریف کا کہنا ہے، "ریاست ماں کے جیسی ہوتی ہے، اور ماں کو بے گھر بچوں کا سب سے زیادہ احساس ہوتا ہے۔ دل چاہتا ہے کہ پنجاب میں کوئی بھی بے گھر نہ رہے اور ہر کسی کے پاس اپنی چھت کا سکون ہو۔دریں اثناء  مریم نواز شریف نے کلین انرجی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہاہے  کلین اور قابل تجدید توانائی ہماری بقا اور وقت کی اہم ضرورت ہے۔پنجاب کو فوسل فیول سے نجات دلا کر صاف اور سبز توانائی کے دور میں داخل کررہے ہیں-وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب میں روایتی توانائی کے انفراسٹرکچر کو تبدیل کرنے کے لیے سی ایم سولر پینل پروگرام متعارف کرایا ہے- سی ایم سولر پینل پروگرام شہریوں کے معاشی بوجھ کو کم کرے گااور انرجی سیکٹر میں انقلاب لائے گا-زرعی ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن کے منصوبے سے کسانوں کو صاف اور سستی توانائی فراہم کی جائے گی