بھارتی حکومت نے پہلگام حملے کے ذمہ داروں کو جواب دینے کے لیے بہترین طریقے کا انتخاب کیا
کشیدگی کم کرنے کی ذمہ داری پاکستان پر عائد ہوتی ہے،وزیر اعلیٰ مقبوضہ کشمیر کی خبررساں ادارے سے گفتگو
سرینگر(آئی این پی )مقبوضہ کشمیر کے وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ خطے میں کوئی بھی بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ نہیں چاہتا تاہم ان کے مطابق کشیدگی کم کرنے کی ذمہ داری پاکستان پر عائد ہوتی ہے۔ بھارت کی جانب سے پاکستان اور آزادکشمیر میں کیے جانے والے فضائی حملوں پر تبصرہ کرتے ہوئے عمر عبداللہ کا کہنا تھا کہ انڈین حکومت نے گذشتہ ماہ پہلگام میں ہونے والے حملوں کے ذمہ داروں کو مناسب جواب دینے کے لیے صحیح طریقے کا انتخاب کیا۔ا یک بھارتی خبر رساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کسی فوجی یا شہری علاقے کے بجائے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا لیکن پاکستان نے کچھ علاقوں میں بمباری کی اور شہریوں کو نشانہ بنایا۔عمر عبداللہ نے لوگوں کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ انھیں گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو علاقہ چھوڑ کر جانے کی ضرورت نہیں۔عمر عبداللہ کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی بحران کی صورت میں خطے میں ضروری اشیا ء کا کافی ذخیرہ موجود ہے۔