نئی دہلی (آئی این پی ) بھارتی ریاست اترپردیش میں ایک شادی کی تقریب اس وقت بدمزگی کا شکار ہو گئی جب نشے میں دھت دلہے نے دلہن کے بجائے اس کی دوست کو ہار پہنا دیا۔بھارتی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق اترپردیش کے شہر بریلی میں 26سالہ نوجوان رویندر کمار اپنی بارات لے کر تاخیر سے پنڈال پہنچا۔دلہن کے اہل خانہ کی جانب سے دائر ایف آئی آر کے مطابق دلہے کے اہل خانہ نے اضافی جہیز کا مطالبہ کیا تھا۔وہ مبینہ طور پر نشے کی حالت میں پنڈال پہنچے اور دلہن کے اہل خانہ اور رشتہ داروں کے ساتھ بدتمیزی کی۔ پھولوں کی مالا کے تبادلے کی رسم سے کچھ دیر پہلے تک وہ اپنے دوستوں کے ساتھ مے نوشی کر رہے تھے۔انہوں نے ہار اپنی دلہن کو پہنانے کے بجائے ان کے پاس کھڑی دوست کی جانب اچھال دیا۔ یہ دیکھ کر 21 سالہ رادھا دیوی آپے سے باہر ہو گئیں، دلہے کو تھپڑ جڑ دیا اور وہاں سے چلی گئی۔اس کے بعد دونوں خاندانوں کے درمیان جھگڑا شروع ہوگیا اور فریقین نے ایک دوسرے پر کرسیاں پھینکنا شروع کر دیں تاہم، پولیس نے پہنچ کر صورتحال پر قابو پایا۔ بارات کو واپس بھیج دیا گیا۔پولیس نے دلہے اور اس کے دوستوں کو حراست میں لے لیا ہے اور ان کے خلاف دلہن کے اہل خانہ کی تضحیک اور امن کو خراب کرنے کا مقدمہ درج کیا ہے۔دولہا کے خلاف جہیز کا مطالبہ کرنے پر بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔