بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان نے اپنی 60ویں سالگرہ روایتی انداز میں قریبی دوستوں اور اہلِ خانہ کے ساتھ پنویل فارم ہاؤس میں منائی۔
اس موقع پر منعقد ہونے والی نجی مگر شاندار تقریب کی جھلکیاں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں، جن میں خوشگوار ماحول، قہقہے اور یادگار لمحات دیکھے جا سکتے ہیں۔تقریب میں سلمان خان کے خاندان کے افراد کے علاوہ فلم اور کھیل کی دنیا سے تعلق رکھنے والی متعدد معروف شخصیات نے شرکت کی۔ وائرل ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ سلمان خان نے کیک کاٹنے کے لیے اپنے والد سلیم خان کو مدعو کیا، جبکہ ان کے بھائی سہیل خان بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے، جسے مداحوں نے خاص طور پر سراہا۔سالگرہ کی تقریب میں کرشمہ کپور، ادیتیا رائے کپور، جینیلیا دیش مکھ، راکول پریت سنگھ، ہما قریشی، ایم ایس دھونی، سنگیتا بجلانی، میکا سنگھ، منیش پال، پراگیا جیسوال اور ذیشان صدیقی سمیت کئی نامور شخصیات شریک ہوئیں، جس سے محفل مزید یادگار بن گئی۔اگرچہ جشن زیادہ تر نجی رکھا گیا تھا، تاہم سلمان خان نے فارم ہاؤس کے باہر موجود میڈیا اور مداحوں کو مایوس نہیں کیا۔ وہ خود باہر آئے، پاپارازی اور فینز سے ملاقات کی، مزید کیک کاٹے اور تصاویر بنوائیں۔ اس موقع پر پاپارازی نے ان کے لیے سالگرہ کا گانا بھی گایا، جبکہ سلمان خان نے خوش دلی سے کیک تقسیم کیا۔
سالگرہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سلمان خان نے کہا کہ 60 برس کی عمر انہیں کسی طور پریشان نہیں کرتی۔ ان کے مطابق آج وہ جو کچھ کر رہے ہیں، وہ ان کی 20، 30 یا 40 کی دہائی سے بھی بہتر ہے، کیونکہ اب ان کے پاس توانائی، جوش اور تجربہ تینوں موجود ہیں، جو ان کے نزدیک بہترین امتزاج ہے۔واضح رہے کہ سلمان خان جلد ہدایتکار اپوروا لکھیا کی فلم ’’بیٹل آف گلوان‘‘ میں جلوہ گر ہوں گے، جو 2020 میں گلوان ویلی میں پیش آنے والے بھارتی اور چینی فوجیوں کے واقعے پر مبنی ہے۔ سلمان خان برسوں سے اپنی سالگرہ پنویل فارم ہاؤس میں منانے کو ترجیح دیتے آئے ہیں تاکہ ہجوم سے دور، پُرسکون اور نجی ماحول میں یہ دن اپنے قریبی لوگوں کے ساتھ منا سکیں۔