اعجاز چودھری کوبھی10سال قید سنائی گئی‘ ملزموں نے عوام میں انتشار پھیلایا‘مختلف واٹس ایپ پیغامات اور 70 سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات عدالت میں پیش کی گئیں
فرانزک رپورٹس اور جے آئی ٹی کی تفتیشی رپورٹ کیمطابق ملزم قصور وار قرار پائے ‘ ملزموں نے جے آئی ٹی رپورٹ کو کسی فورم پر چیلنج نہیں کیا:انسداد ہشت گردی عدالت
لاہور(آن لائن) گلبرگ میں گاڑیاں جلانے اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا گیا ہے۔ عدالت نے میاں محمود الرشید کو مجموعی طور پر 33 سال قید اور 6 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے، جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چودھری کو 10-10 سال قید کی سزا دی گئی ہے۔تحریری فیصلے کے مطابق میاں محمود الرشید کو مختلف سیکشنز میں الگ الگ سزائیں سنائی گئی ہیں۔ عدالت نے جرم ثابت نہ ہونے پر 22 ملزمان کو بری کر دیا ہے۔ یاسمین راشد، اعجاز چودھری اور عمر سرفراز کی سازشی میٹنگ میں موجودگی عدالت نے ثابت قرار دی، جس کے باعث پی ٹی آئی رہنماؤں سمیت سات ملزمان کو سزا سنائی گئی۔پراسیکیوشن کے مطابق ملزمان نے جلاؤ گھیراؤ کے دوران عوام میں انتشار پھیلایا، اور مختلف واٹس ایپ پیغامات اور 70 سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات عدالت میں پیش کی گئیں۔ فرانزک رپورٹس اور جے آئی ٹی کی تفتیشی رپورٹ کے مطابق ملزمان قصور وار قرار پائے، جبکہ ملزمان نے جے آئی ٹی رپورٹ کو کسی فورم پر چیلنج نہیں کیا۔عدالت نے ملزمان کے حتمی بیانات کے باوجود، جو انہوں نے خود کو معصوم قرار دیا تھا، پراسیکیوشن کے شواہد کو مدنظر رکھتے ہوئے سزا کا فیصلہ سنایا۔