حکومت سے سرکاری ادارے نہیں چلائے جا سکے، پی آئی اے بیچ دی ، مدارس انتہا پسندی پیدا نہیں کرتے، آئیں مذاکرات سے معاملات طے کریں ‘ فیصلوں پر عمل ہونا چاہیے
آپ ضد کریں گے تو ہم بھی کریں گے، اقلیتوں کے حقوق کے کمیشن پر اعتراض نہیں مگر قانون سے بالادستی قابل قبول نہیں:سربراہ جے یوآئی کا خانپور میں خطاب
خان پور(مانیٹرنگ ڈیسک) جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے نفرت کی سیاست ختم ہونی چاہیے، زبردستی کی حکومت ہم پر مسلط کی گئی۔ خان پور میں مدرسہ جامعہ مخزن العلوم میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہم الزام تراشی نہیں، ملک و قوم کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔ جب تک ایمان ہے، اللہ کی رحمت ہمارے ساتھ ہے، ایمان کمزور ہو تو گدی نشینوں کی سیاست شروع ہو جاتی ہے، درگاہوں اور مریدوں سے رابطہ ضروری ہے، درگاہوں میں خرافات کے خاتمے کے لیے علما کا کردار اہم ہے۔ قانون اور آئین پارلیمنٹ میں ہے، مسلکوں کو کمائی کا ذریعہ بنا دیا گیا ‘ حکومت سے سرکاری ادارے نہیں چلائے جا سکے، پی آئی اے بیچ دی گئی، ہمارا واضح مؤقف ہے مدارس انتہا پسندی پیدا نہیں کرتے، آئیں مذاکرات سے معاملات طے کریں اور فیصلوں پر عمل ہو۔انہوں نے کہا اگر آپ ضد کریں گے تو ہم بھی کریں گے، اقلیتوں کے حقوق کے کمیشن پر اعتراض نہیں مگر قانون سے بالادستی قابل قبول نہیں۔