شہر میں جلسے، جلوس اور احتجاج کرنیوالے اب کیمرے کی آنکھ سے نہیں بچ سکیں گے۔
حکام کے مطابق مظاہرین کے اکٹھے ہوتے ہی نئے سافٹ ویئر کی مدد سے فوری الرٹ جنریٹ ہوگا اور متعلقہ پولیس کو آگاہ کر دیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق شہر کے مختلف مقامات پر نصب کیمروں کو جدید سافٹ ویئر کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے۔ اس سافٹ ویئر کے ذریعے کسی بھی روڈ پر گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی مخصوص تعداد اکٹھی ہونے پر کیمرے فوری نشاندہی کریں گے۔حکام کا کہنا ہے کہ سافٹ ویئر کی مدد سے نہ صرف مظاہرین کی شناخت کی جائے گی بلکہ ڈنڈے، اسلحہ اور دیگر اشیاء بھی پوائنٹ آؤٹ ہوں گی۔ اس کے علاوہ پارٹی پرچموں کی تعداد اور شناخت بھی سامنے آ جائے گی، جبکہ مظاہرین میں موجود کسی بھی کریمنل ریکارڈ ہولڈر کو نمایاں کر کے پولیس کو اطلاع دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق اس جدید سافٹ ویئر کی بدولت پولیس کو احتجاج، جلسے اور جلوسوں کی بروقت مانیٹرنگ میں مدد ملے گی اور شہر میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر انداز میں قابو میں رکھا جا سکے گا۔