ویب ڈیسک: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور فیڈرل کونسل کے رکن الطاف احمد قریشی انتقال کر گئے۔
ان کے انتقال کی خبر سے پارٹی رہنماؤں، کارکنان اور سیاسی و سماجی حلقوں میں شدید رنج و غم کی فضا قائم ہوگئی ہے۔تفصیلات کے مطابق، الطاف احمد قریشی کی نمازِ جنازہ آج بعد از نمازِ عصر جامع مسجد ربیع القرآن، جوہر ٹاؤن لاہور میں ادا کی جائے گی۔ جنازے میں پارٹی رہنما، کارکنان، عزیز و اقارب اور علاقہ مکین بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الطاف قریشی پارٹی کے مخلص، باوفا اور دیرینہ ساتھی تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی پارٹی کے نظریے اور عوامی خدمت کے لیے وقف کر دی۔پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کی قیادت نے بھی اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ الطاف قریشی کی پارٹی کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما راجہ پرویز اشرف نے اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ الطاف احمد قریشی کی وفات پوری پیپلز پارٹی کے لیے ایک بڑا سانحہ اور ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس غم کی گھڑی میں وہ اور پوری پارٹی مرحوم کے اہلِ خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ذرائع کے مطابق پارٹی کی جانب سے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے مختلف شہروں میں قرآن خوانی اور دعائیہ تقاریب کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔