کراچی: پی ایس 118 میں دورانِ ڈکیتی 16 سالہ حافظ قرآن روشن حسین خان کے قتل پر رکن سندھ اسمبلی نصیر احمد نے وزیراعلیٰ سندھ کو خط لکھ کر واقعے کا فوری نوٹس لینے اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
نصیر احمد نے اپنے خط میں کہا کہ روشن حسین خان 8 بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا اور واقعے کو 4 روز گزرنے کے باوجود قاتلوں کی عدم گرفتاری تشویشناک ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ایس 118 کے عوام کو جرائم پیشہ عناصر کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے علاقے میں بڑھتی ہوئی وارداتوں پر قابو پانے کیلئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔رکن سندھ اسمبلی نے وزیراعلیٰ سندھ اور آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے مقتول کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔